ابنا: تہران میں چين کے نئے سفیر نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر صدر جناب حسن روحانی نے چینی سفیر کے کاغذات تقرری لیتے ہوئے کہا کہ ایران اور چین کے صدور نے شانگھائي اور سیکا اجلاسوں کے موقع پر نہایت اہم مذاکرات انجام دئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تہران، چین کے ساتھ تعلقات میں فروغ لانے کو نہایت اہمیت اور ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران چین کے ساتھ تعلقات میں توسیع لانے میں کسی طرح کی رکاوٹ نہیں دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مہینوں میں صدر چین کے دورہ تہران سے دونوں ملکوں کے تعلقات اور تعاون میں مزید فروغ آئے گا۔ صدر جناب حسن روحانی نے اسلامی انقلاب کے بعد چين اور ایران کے تعاون کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ چين نے اس زمانے میں جب ایران پر جنگ تھونپی گئي تھی اور پابندیوں کے موقع پر ایسے مفید اقدامات کئے ہیں جو راہ گشا اور مفید واقع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کے درمیاں گذشتہ برسوں سے اب تک نہایت اہم ایٹمی تعاون جاری ہے اور ایران چاہتا ہے کہ چین پانچ جمع ایک گروپ کے ساتھ مذاکرات میں مزید فعال کردار ادا کرے تا کہ فریقین کسی جامع اور حتمی معاہدے تک پہنچ سکیں۔ ایران میں چین کے نئے سفیر نے کہا ہے کہ دونوں ممالک علاقائي اور عالمی مسائل کے بارے میں اشتراک نظر رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ایران کی اشتراک مساعی کی قدر کرتا ہے اور جہاں تک ہوسکے مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔
........
/169